وزیراعظم کا منامہ ائر پورٹ پر پر تپاکِ استقبال
منامہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر منامہ پہنچ گئے، جہاں بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نے ممتاز سرکاری شخصیات کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں نائب وزیراعظم خالد بن عبداللہ الخلیفہ، وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن رشید الزایانی اور بحرینی قیادت کے دیگر سینیئر ارکان شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف 26 سے 27 نومبر تک جاری اس دورے میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور اہم سرکاری افسران شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقاتیں طے ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔