وزیراعظم دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین روانہ
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف مملکتِ بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم 26 سے 27 نومبر تک ہونے والے اس دورے کے دوران بحرینی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور سینئر افسران پر مشتمل وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے قیام کے دوران بحرین کے بادشاہ عزت مآب حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد و وزیراعظم عزت مآب شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور نائب وزیراعظم عزت مآب شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور خوشگوار تعلقات کی مزید مضبوطی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ دورے سے دونوں ممالک کے مابین تزویراتی شراکت داری کے فروغ، نئے شعبوں میں تعاون کے آغاز اور عوامی روابط کے مزید گہرے ہونے کی توقع ہے۔