اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

0

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم دو روزہ دورۂ پاکستان کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

حکام کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا اہم سنگِ میل ہے، جو سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات کو فروغ دے گا۔

بادشاہ اردن کچھ دیر بعد وزیرِ اعظم ہاؤس جائیں گے جہاں انہیں روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف اور شاہ عبداللہ دوم کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوگی، جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی طے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ دورے سے پاکستان اور اردن کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور نئی شراکت داریوں کا آغاز ہونے کی توقع ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.