جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھالیا
اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کی باضابطہ فعالیت کا آغاز ہوگیا ہے، جسٹس امین الدین خان نے عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھا لیا۔
ایوانِ صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اُن سے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں اعلیٰ حکومتی و پارلیمانی قیادت شریک تھی جن میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ شامل تھے۔
تقریب میں عسکری قیادت بھی موجود رہی۔ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس محمد یحییٰ آفریدی اور اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان نے تقریب میں شرکت کی۔
حلف برداری کے ساتھ ہی وفاقی آئینی عدالت نے عملی طور پر کام کا آغاز کر دیا، جو ملک میں آئینی معاملات کی تیز رفتار اور خصوصی نوعیت کی سماعت کے لیے قائم کی گئی ہے۔