پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ہے،شہباز شریف
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور نئے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جبکہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی تعاون کی کامیاب مثال بنے گا۔
وزیرِ اعظم نے یہ بات کینیڈا کے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر طارق علی خان سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم نے طارق علی خان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کی تعیناتی دونوں ممالک کے دیرینہ، دوستانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔
انہوں نے کینیڈین قیادت کے لیے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول میسر ہے اور حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پالیسی سطح پر اہم اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرک گولڈ جیسے منصوبے پاکستان کے معدنی وسائل کے شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید تقویت دیں گے۔
اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا زراعت، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کا مضبوط پُل ہیں، جنہوں نے کینیڈا کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔