وزیراعظم آذربائیجان کے دورے کے بعد واپس پہنچ گئے۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد ہفتہ کے روز اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔
باکو کے حیدر علیوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبوو، پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔
وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کے مرکزی پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں عالمی رہنماؤں، سول و ملٹری حکام اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارت، توانائی، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سرکاری سطح پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بڑھانے اور معاشی شراکت داری کے نئے مواقع کے سلسلے میں اہم پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔