وزیراعظم آذربائیجان کے یومِ فتح کی تقریب میں شرکت کے لیے باکو روانہ
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر ع الہام علیوف کی خصوصی دعوت پر آذربائیجان کے دارلحکومت باکو روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم، آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی مرکزی تقریب میں بطور معزز مہمان شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی باکو روانہ ہوئے۔
دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے اہم ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بات چیت میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم، سیاحت اور علاقائی رابطوں کے فروغ سمیت تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک او آئی سی، ای سی او اور اقوام متحدہ سمیت متعدد علاقائی و عالمی فورمز پر قریبی تعاون رکھتے ہیں۔
وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ ہے۔ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔