وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی باضابطہ منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے باکو سے منعقد ہوا، جس میں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دیتے ہوئے اسے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے باہمی رشتے کو مؤثر بنانے اور قومی مفاد کو مقدم رکھنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے وزارتِ قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور پوری قانونی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔
کابینہ کی منظوری کے بعد وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر قانون و انصاف نے میڈیا کو ترمیم کے خدوخال پر بریفنگ دی۔ منظوری کے بعد 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ انہوں نے اس اہم آئینی پیش رفت پر مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کو اعتماد میں لیا اور رہنمائی حاصل کی، جبکہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو بھی مکمل طور پر اعتماد میں لیا گیا جن کی رضامندی پر حکومت ان کی مشکور ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے بھی مشاورت کی گئی جن میں بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، خالد حسین مگسی اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں، جنہوں نے اپنی جماعتوں کے ساتھ ترمیم کی بھرپور حمایت کی۔ اس کے علاوہ ایمل ولی خان، اعجاز الحق اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’اللہ کے فضل و کرم سے سیاسی اور معاشی استحکام کے نتیجے میں ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، اور ترقی و خوشحالی کے لیے تمام قوتوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔‘‘