محمود خان اچکزئی اور اسد قیصر کی فضل الرحمن سے ملاقات، ملکی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، سابق وفاقی وزیر اسعد محمود، اسلم غوری، مولانا عبید الرحمان، اخونزادہ حسین، اسجد محمود اور ریاض احمد بھی شریک تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کو ملکی سیاسی منظرنامے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان حالیہ رابطوں کو مستقبل کے ممکنہ سیاسی تعاون کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی ملاقاتیں آئندہ سیاسی حکمت عملی کے لیے مشاورت کا حصہ ہیں۔