صدر زرداری قطر کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ
دوحہ: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری قطر کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کو وطن واپس روانہ ہوگئے۔
دوحہ ایئرپورٹ پر اعلیٰ قطری حکام اور پاکستان کے سفیر نے صدر مملکت کو رخصت کیا۔
دورہ قطر کے دوران صدر آصف علی زرداری نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، وزیراعظم، وزیرِ دفاع اور دیگر اہم شخصیات سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی اور علاقائی حالات پر گفتگو کی گئی۔
صدر نے سماجی ترقی سے متعلق دوسری عالمی سربراہی کانفرنس میں بھی شرکت کی اور خطاب کے دوران عالمی برادری پر زور دیا کہ خطے میں امن، پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔
صدر زرداری نے دورے کے دوران قطر کی میزبانی اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے اس کے کردار کو سراہا اور دو برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔