وزیراعظم کا چترال میں دانش سکول کا سنگِ بنیاد، گیس پلانٹ، ہسپتال اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان
چترال: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چترال میں دانش سکول کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے چترال کیلئے گیس پلانٹ فوری طور پر نصب کرنے، اپر چترال میں ہسپتال اور یونیورسٹی کے قیام، بجلی کے ٹیرف کے مسئلے کے حل اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول پسماندہ علاقوں کے بچوں کیلئے جدید اور معیاری تعلیم کا وفاقی تحفہ ہے، آئندہ سال اس کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چترال اور خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کیلئے عظیم قربانیاں دیں، ان کی حب الوطنی قابلِ فخر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے مکمل تعاون کرے گی، اور دہشت گردی و بدامنی کے خاتمے کیلئے سب کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں چار روزہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو شکست فاش دی، اور امریکی صدر ٹرمپ نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔
قبل ازیں، وزیراعظم کو دانش سکول منصوبے پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ سکول 500 سے 700 طلباء کو مفت تعلیم اور رہائش فراہم کرے گا۔