پاکستان اور افغانستان کا جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق

0

استنبول: پاکستان اور افغانستان نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور اس پر مؤثر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں۔

اعلامیے کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے ضوابط اور طریقۂ کار 6 نومبر کو استنبول میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں طے کیے جائیں گے۔ اس موقع پر دونوں فریق ایک مشترکہ نگرانی و تصدیق کا نظام بھی تشکیل دیں گے، جو کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار فریق پر کارروائی یا جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔

مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں 25 تا 30 اکتوبر استنبول میں مذاکرات ہوئے، جن کا مقصد 18 اور 19 اکتوبر کو دوحہ میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو مزید مضبوط اور پائیدار بنانا تھا۔

ثالث ممالک ترکیہ اور قطر نے دونوں فریقوں کے مثبت رویے کو سراہا اور یقین دلایا کہ وہ خطے میں دیرپا امن کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.