پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سید مصطفیٰ کمال
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور وزیرِاعظم کی قیادت میں اس کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے یہ بات چیئرمین پولیو اوور سائیٹ بورڈ ڈاکٹر کرس ایلس اور عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ملک بھر میں پولیو کے خاتمے سے متعلق حکمتِ عملی اور جاری مہمات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہمات کی کامیابی کے لیے مربوط، مؤثر اور شفاف حکمتِ عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ جنوبی خیبرپختونخوا، وسطی پاکستان اور کراچی سمیت ہائی رسک اضلاع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وائرس کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ مذہبی و سماجی رہنماؤں کی معاونت سے والدین کے انکاری رویوں میں واضح کمی آئی ہے، جب کہ پولیو پروگرام اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے مابین ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومتِ پاکستان حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو بہتر بنانے اور بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پولیو اوور سائیٹ بورڈ ڈاکٹر کرس ایلس نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھا جائے گا۔