سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے بچیوں کو ویکسین لگانے کی مہم جاری

0

چکوال: سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے 9 سے 14 سال تک کی عمر کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے جو 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ 12 روزہ مہم یونیسف، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او)، ایم پی آئی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے اشتراک سے جاری ہے۔

ضلع چکوال اور تلہ گنگ میں ویکسینیشن کا عمل یونین کونسل سطح پر تمام اسکولوں اور مدارس میں زیرِ تعلیم بچیوں کے علاوہ اسکول نہ جانے والی بچیوں کے گھروں اور مراکزِ صحت پر بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، بلال بن عبدالحفیظ نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی یہ کوشش معاشرے کو ایک مہلک بیماری سے محفوظ بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 9 سے 14 سال کی بچیوں کو یہ ویکسین بالکل مفت لگائی جا رہی ہے جس کے کوئی نقصانات نہیں ہیں۔ محکمہ صحت کا عملہ شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے اور والدین کی رہنمائی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کو اس مہلک مرض سے بچانے کے لیے ضرور ایچ پی وی ویکسین لگوائیں تاکہ آئندہ نسل کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.