وزیرِ اعظم فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کے لیے ریاض پہنچ گئے
ریاض: سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (FII) کی نویں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ ریاض پہنچ گئے۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے وزیرِ اعظم اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کے اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور مختلف سیشنز میں شرکت کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع اور اقتصادی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالیں گے۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم اپنے قیام کے دوران فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کے لیے آئے عالمی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔