دیوارِ چین پر پہلے پاک چین فیشن شو کا اہتمام
بیجنگ:بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ نے چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر (سی آئی سی سی سی) کے تعاون سے دیوارِ چین پر پہلے پاکستان۔چین فیشن شو کا اہتمام کیا۔
پاکستانی ڈیزائنرز ماہین خان، معظم عباسی، عائشہ طارق، رضوااللہ اور زین ہاشمی نے پاکستانی اور چینی فیشن کے امتزاج کیلئے تیار کئے گئے ملبوسات پیش کئے۔ چین میں مقیم پاکستانی ڈیزائنر عقیل چوہدری نے بھی اپنا جیولری کلیکشن پیش کیا۔مشہور چینی ڈیزائنر لیانگ سی یون نے بھی اپنے ملبوسات کا مجموعہ پیش کیا۔ روایت کے عدنان انصاری نے شو کے منتظم کے فرائض سرانجام دیئے۔
چینی سینئر حکام، میڈیا نمائندگان، تاجروں اور سفارتی کور کے اراکین نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نےکہا ہے کہ بادلِنگ گریٹ وال زندہ جاوید شاہراہ ریشم کے روابط کا جشن منانے کے لئے شاندار مقام ہے جو اب ثقافت ،فن اور دوستی کے ایک جدید پُل کی صورت میں ظاہر ہو رہی ہے۔انہوں نے اس تقریب کی خاص اہمیت کو اجاگر کیا جو اس سال اس موقع پر منعقد ہوئی جب کسی پاکستانی معزز شخصیت نے پہلی بار عظیم دیوار کا دورہ کیا ہو، جس کی 60ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شو فیشن کے امتزاج، تجارتی نقطہ نظر اور پاکستانی فیشن کی طاقت سے تحریک یافتہ ہے جو پاکستانی تخلیقی صلاحیت اور چینی مارکیٹ کے درمیان قدرتی ہم آہنگی کو ظاہر کرتا ہے اور مشترکہ مستقبل کیلئے نئے تجارتی پل قائم کرتا ہے۔
چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے چیئرمین لونگ یو شیانگ نے زور دیا کہ یہ فیشن شو نہ صرف ایک عظیم ثقافتی تبادلے کا موقع ہے بلکہ چین۔پاکستان تمام موسموں کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی ثقافتی اور عوامی روابط کی ایک جیتی جاگتی عکاسی بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک گہرے تاریخی ورثے اور فیشن کے ذریعے بہتر زندگی کی مشترکہ خواہش رکھتے ہیں۔لونگ یو شیانگ نے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر روایتی ملبوسات کی عصری قدر تلاش کرنے، مزید منفرد فیشن تخلیق کرنے اور پاکستان۔چین فیشن میں نئی روح پھونکنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بادالنگ عظیم دیوارِ چین کا سب سے معروف حصہ ہے۔ اس سال ایک پاکستانی معزز شخصیت کے بادالنگ گریٹ وال کے پہلے دورے کی 60ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے.