پاکستانی وفد آج دوحہ میں افغان طالبان سے مذاکرات کرے گا

0

اسلام آباد: وزیر دفاع کی قیادت میں پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آج  دوحہ میں افغان طالبان کے نمائندوں سے اہم مذاکرات کرے گا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ بات چیت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مذاکرات کا بنیادی محور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا، تاہم وہ افغان طالبان حکام پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں اور دہشت گرد تنظیموں، بالخصوص تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور ان سے وابستہ گروہوں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کریں تاکہ پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات دور کیے جا سکیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان قطر کی جانب سے جاری ثالثی کی کوششوں کو سراہتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ دوحہ میں ہونے والی یہ بات چیت خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا یہ مؤقف مستقل طور پر واضح ہے کہ پُرامن اور مستحکم افغانستان ہی ایک پرامن اور خوشحال خطے کی ضمانت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.