شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان ہفتہ کی شام ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کو ملائیشیا کے ہم منصب داتو سری انور ابراہیم کی فون کال موصول ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورۂ کوالالمپور کے دوران ملائیشیائی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں، بالخصوص حلال گوشت کی برآمدات اور دیگر باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون سے پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ملائیشیائی ہم منصب کو شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کے بارے میں آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے فلسطینی عوام کی مشکلات میں کمی، غزہ میں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک۔افغان سرحد کی سیکیورٹی صورتِ حال سے بھی اپنے ہم منصب کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم اسے افغان سرزمین سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان حکام کو اپنی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرنی چاہیے۔

وزیراعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان نے افغان حکام کی درخواست پر دوحہ میں مذاکرات کی سہولت کے لیے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحدی امن کے لیے فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان، ٹی ٹی پی اور بلوچستان لبریشن آرمی سمیت تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پاک۔افغان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ روابط کے تسلسل پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ملائیشیا اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.