وزیراعظم غزہ امن سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے آج مصر کا دورہ کریں گے

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف آج مصر کا دورہ کریں گے۔ وہ شرم الشیخ امن سربراہ اجلاس اور غزہ میں جاری سنگین صورتحال کے خاتمے کے لیے طے پانے والے امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ انہیں اس دورے کی دعوت مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دی ہے۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور دیگر سینئر وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ شرم الشیخ امن سربراہ اجلاس اُن سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے جو گزشتہ ماہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں کی گئیں ۔23 ستمبر کو امریکہ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیرِ اعظم نے عرب و اسلامی ممالک مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ کے رہنماؤں کے ساتھ شرکت کی تھی، جس میں غزہ میں قیامِ امن کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔ ان ممالک نے بعد ازاں ایک مشترکہ اعلامیے میں صدر ٹرمپ کی امن کی کوششوں کو سراہا اور امریکہ کے ساتھ مل کر ایک جامع اور پائیدار جنگ بندی کے حصول اور غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.