پاک چین دوستی، ادب اور تہذیبی ہم آہنگی کا حسین امتزاج
اسلام آباد : عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے میں منعقد ہونے والا رنگا رنگ ثقافتی مشاعرہ پاک-چین دوستی، باہمی احترام اور تہذیبی رشتوں کا خوبصورت مظہر بن گیا۔
اس تقریب کا اہتمام چائنا میڈیا گروپ اور پاک-چائنا کلچرل اینڈ اکنامک پروگرس ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کے شعرا، ادیبوں، طلبہ، حکومتی نمائندوں اور چینی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ مشاعرہ وسطِ خزاں فیسٹیول کی تقریبات کا حصہ تھا، جسے دنیا بھر میں چینی ثقافت کے ایک نمایاں تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی شعرا نے چین اور پاکستان کی مشترکہ روایات، فطری مناظر اور انسانی جذبوں کو اپنے کلام میں نہایت خوبصورت انداز میں سمویا، جب کہ بچوں نے چینی شاعری پر دلکش پرفارمنسز پیش کر کے شرکاء کے دل جیت لیے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی تھے، جب کہ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ چینی ثقافت میں چاند کو خصوصی مقام حاصل ہے، جو اسلامی ثقافت میں بھی مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ مماثلت دونوں اقوام کے درمیان روحانی اور تہذیبی قربت کی عکاسی کرتی ہے۔
چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے اس موقع پر معروف چینی شاعر و مفکر سُو شِی (Su Shi) کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادبی ورثہ چینی ثقافت کی گہرائی اور عالمی ادبی روابط کا آئینہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ کے وژن کے مطابق چین پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورۂ چین کے دوران دونوں ممالک نے 15 نکاتی مشترکہ ایکشن پلان کی منظوری دی، جس میں عوامی سطح پر روابط کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے حالیہ دورے کے دوران اسلامی اور چینی تہذیبوں کے مابین روحانی و جمالیاتی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو نئی وسعت دے گا۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ چین ظفرالدین محمود نے سی جی ٹی این اردو سے گفتگو میں چینی تہذیب، روایات اور فکری ورثے پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کا سماجی و ادبی نظام دنیا کے لیے برداشت، ہم آہنگی اور ترقی کا نمونہ ہے۔
رکنِ قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کہا کہ ثقافتی تقریبات دونوں ممالک کے درمیان عوامی تعلقات کو مضبوط بناتی ہیں اور ایک دوسرے کی تہذیب کو سمجھنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے کہا کہ ایسے ثقافتی پروگرام نہ صرف پاک-چین دوستی کے نئے باب رقم کرتے ہیں بلکہ بین الثقافتی ہم آہنگی، ادب، اور امن و محبت کے پیغام کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ مشاعرہ پاک-چین تعلقات میں ثقافت، فن اور ادب کے ذریعے ایک نئے سنگِ میل کی حیثیت اختیار کر گیا۔