چین اور اٹلی کا مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار

0

روم:چین اور اٹلی نے اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 55ویں سالگرہ کے موقع پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ اتفاقِ رائے گزشتہ روز روم میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای اور اطالوی نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔

مذاکرات کے دوران دونوں رہنماؤں نے چین۔اٹلی جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور گرین ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل معیشت، خلائی تحقیق اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وانگ ای نے کہا کہ چین اٹلی کے ساتھ باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے، دوطرفہ سرمایہ کاری میں اضافے اور منصفانہ و شفاف کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بطور قدیم تہذیبوں کے نمائندے، چین اور اٹلی اپنے تاریخی ورثے سے رہنمائی لیتے ہوئے عالمی امن، استحکام اور منصفانہ عالمی نظام کے قیام میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انتونیو تاجانی نے چین۔اٹلی تعلقات کو تعمیری اور باہمی مفاد پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تزویراتی شراکت داری کے تحت تعاون کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے تین سالہ عملی منصوبے پر مؤثر عمل درآمد اور دوطرفہ مکینزمز کے ذریعے مکالمے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جا سکے۔

تاجانی نے اٹلی کی ون چائنا پالیسی پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اٹلی ملک میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی سائنس، صحت، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے، براہِ راست پروازوں میں اضافہ کرنے اور آئندہ سردیوں کے اولمپکس کو باہمی روابط کے فروغ کے موقع کے طور پر استعمال کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے عالمی امن کے فروغ میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اٹلی اسرائیل۔فلسطین تنازعے اور یوکرین بحران کے پرامن حل کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.