پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں ہوں گے
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
کمیشن نے صوبے میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت انتخابی عمل شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ حلقہ بندیوں کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے اور اسے دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ مقررہ وقت پر انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئین کے تحت بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے اور صوبائی حکومت کسی بھی صورت انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ آئین کی شق 140-اے کے تحت بلدیاتی حکومتوں کا قیام لازم ہے، اس لیے انتخابات کے عمل کو مزید مؤخر کرنا آئین کی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا۔
کمیشن نے پنجاب حکومت کے رویے کو “تاخیری حربہ” قرار دیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے میں مقامی حکومتوں کا نظام جلد بحال ہو سکے۔