وزیرِ اعظم کی مذاکراتی کمیٹی کو کشمیر میں معاملات احسن طریقے سے حل کرنے پر شاباش

0

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مذاکراتی کمیٹی کو کشمیر میں معاملات احسن طور سے حل کرنے پر شاباش دی ہے ۔

وزیراعظم سے آزاد کشمیر میں مذاکرتی عمل کی کامیابی کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں راجہ پرویز اشرف، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، سردار محمد یوسف، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، احد خان چیمہ اور چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان شامل تھے.

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی کشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے معاملہ فہمی کا مظاہرہ کیا جس کیلئے وہ لائق تحسین ہیں،کشمیر میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، کشمیری عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا.

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی،عوامی مفاد اور امن ہماری ترجیح ہے اور آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے،پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی انکے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے.

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے مسائل پر ہمیشہ توجہ رہی ہے اور میری حکومت نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کو حل کیا ہے،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق انکی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھاتے رہیں گے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.