شہباز شریف ملائشیا کے تین روزہ دورےکے بعد وطن واپس روانہ

0

کوالا لمپور:وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم پاکستان کو خود کوالا لمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر الوداع کرنے آئے۔

اس موقع پرملائیشیا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا اور سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔

وزیراعظم کو ان کی رہائش سے ایئرپورٹ تک غیر معمولی سرکاری پروٹوکول دیا گیا جبکہ اس سے قبل وزیراعظم کی ملائیشیا آمد پر بھی ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم پاکستان کو ان کی رہائش گاہ پر خوش آمدید کہنے کے لئے موجود تھے۔

ملائیشیاکے وزیراعظم نے الوادع کرتے وقت وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ان کے دورہ ملائیشیا کی تصاویر پر مبنی یادگاری البم بھی پیش کی ۔وزیراعظم کے دورہ ملائیشیاکے دوران غیر معمولی گرمجوشی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

3 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف ملائیشیا کے انتظامی مرکز پتراجایا گئے جہاں وزیراعظم آفس (پردانا پترا) آمد پر وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا گیا ۔

اس موقع پر انہیں ملائیشیاکی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیاکے وزیر اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی۔ دونوں وزرائے اعظم نے وفود کی سطح پر ملاقات میں اپنے اپنے وفد کی قیادت کی۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیاکے وزیراعظم نے پاکستان- ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کی۔

وزیراعظم کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی آف ملائیشیاکی جانب سے لیڈر شپ اور گورننس میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی گئی۔

وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے سفارتی و اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.