صدر ٹرمپ امن کے علمبردار، ان کی قیادت میں پاک امریکہ تعلقات مضبوط ہوں گے،شہباز شریف
واشنگٹن: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک-امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ’’امن کے علمبردار‘‘ قرار دیا جو دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے کی خلوصِ نیت سے کوششوں میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ، بہادرانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا جس کی بدولت پاکستان اور بھارت کے درمیان فائر بندی ممکن ہوئی اور یوں جنوبی ایشیا میں ایک بڑے بحران سے بچاؤ ہوا۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی ان کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں غزہ کی جنگ کے فوری خاتمے کی راہ ہموار ہوئی۔ بالخصوص اُن کی یہ پیش رفت کہ اس ہفتے کے اوائل میں نیویارک میں مسلم دنیا کے اہم رہنماؤں کو مدعو کر کے جامع تبادلۂ خیال کیا گیا تاکہ مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ اور مغربی کنارے میں امن بحال کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان رواں سال کے آغاز میں طے پانے والے محصولات (ٹیرف) کے معاملے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ دو طرفہ دیرینہ شراکت داری کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک-امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ملکوں کے لیے یکساں طور پر فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں انسدادِ دہشت گردی میں تعاون شامل تھا۔ وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کی صدر ٹرمپ کی جانب سے عوامی تائید پر ان کا شکریہ ادا کیا اور سکیورٹی و انٹیلی جنس تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو باضابطہ دورۂ پاکستان کی بھی دعوت دی.