عالمی برادری ماحولیاتی تحفظ کیلئے مالی معاونت کے وعدے پورے کرے،شہباز شریف

0

نیویارک:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا کاربن گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے باوجود شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے،عالمی برادری ماحولیاتی تحفظ کیلئے مالی معاونت کے وعدے پورے کرے۔

وہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری اور برازیل کے صدر کی جانب سے نیویارک میں منعقدہ اسپیشل کلائیمیٹ ایونٹ سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا ماحولیاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کا عزم پختہ اور غیر متزلزل ہے، ملک میں متبادل توانائی اور شجر کاری کو فروغ دیا جارہا ہے ،2035ء تک انرجی مکس میں قابلِ تجدید اور پن بجلی کا حصہ بڑھا کر 62 فیصد تک کیا جائے گا،2030ء تک جوہری توانائی کی صلاحیت میں 1200 میگاواٹ اضافہ کیا جائے گا، 30 فیصد ٹرانسپورٹ کو صاف توانائی پر منتقل کیا جائے گا اورپانی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا،قرضوں پر قرضے مسئلے کا حل نہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مون سون کی شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور تباہ کن سیلاب کی صورتحال درپیش ہے ،اس موسمیاتی آفت کی وجہ سے 50 لاکھ سے زائد افراد اور 4100 دیہات متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، 2022ء میں بھی پاکستان کو سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.