چینی وزیراعظم لی چیانگ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچ گئے
نیویارک :چین کے وزیراعظم لی چیانگ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچ گئے۔
نیویارک قیام کے دوران، وزیراعظم لی اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی اہم سرگرمیوں اور اجلاسوں میں حصہ لیں گے۔ وہ چین کی میزبانی میں منعقد ہونے والے متعدد پروگراموں میں شریک ہوں گے جن میں "گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو” پر اعلیٰ سطحی اجلاس شامل ہے۔ اس کے علاوہ، وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریش سے ملاقات کریں گے اور مختلف ممالک کے سربراہان و رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیراعظم لی اپنے دورے کے دوران چین کا مؤقف پیش کرتے ہوئے موجودہ بین الاقوامی منظرنامے پر روشنی ڈالیں گے، بڑے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تجاویز دیں گے اور اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بیجنگ کی حکمتِ عملی بیان کریں گے۔ وہ چین کی داخلی و خارجی پالیسیوں اور اہم اقدامات، خصوصاً "گلوبل گورننس انیشی ایٹو”، کی تفصیلات بھی اجاگر کریں گے۔
اس سال عالمی فسطائیت مخالف جنگ میں فتح اور اقوام متحدہ کے قیام کی 80ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر چین نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ تمام ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے بانی اصولوں کو تازہ کرنے، چارٹر کے مقاصد پر عملدرآمد یقینی بنانے اور اس ادارے کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بیجنگ چاہتا ہے کہ اقوام متحدہ عالمی امن کے قیام، پائیدار ترقی کے فروغ اور مشترکہ مستقبل پر مبنی عالمی برادری کے قیام میں کلیدی اور مضبوط کردار ادا کرے۔