فرانس اور سپین کا بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان
نیویارک:فرانس اور سپین نے بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں فلسطین سے متعلق اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فلسطین میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فلسطینیوں پر مظالم میں اضافہ تشویشناک ہے، غزہ جنگ بندی کے لیے قطر مصر اور سعودی عرب کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا امن کی جانب پیش قدمی ہے ،جنگ بندی کے بعد فلسطین میں اپنا سفارت خانہ کھولیں گے۔کاںفرنس میں فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فرانس کے صدر کے اعلان کا زبردست خیر مقدم کیا گیا اور پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وطن فلسطینیوں کا حق ہے کوئی انعام نہیں،دو ریاستی حل کے سوا مشرق وسطی میں امن قائم نہیں ہو سکتا،دنیا کے لیے بلا شبہ ایک امتحان ہے کہ ہم امن کے لیے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنائیں۔