جعلی ڈگری کیس ،جمشید دستی کو 17 سال سزا
ملتان: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو جعلی ڈگری کیس میں مجموعی طور پر 17 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جمشید دستی کو جرم بدفعہ 82 کے تحت 3 سال، دفعہ 420 جعل سازی پر 2 سال، دفعہ 468 جعلی دستاویزات بنانے پر 7 سال، دفعہ 471 جعلی دستاویز استعمال کرنے پر 2 سال اور دفعہ 206 رشوت دینے کی کوشش پر 3 سال قید کی سزا دی جاتی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جمشید دستی نے 2008 میں مدرسے کی بی اے ڈگری پر الیکشن لڑا تھا، تاہم یہ سند ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریکارڈ میں موجود نہیں تھی۔ کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حقیقت چھپائی، جس پر ان کے خلاف استغاثہ دائر کیا گیا۔
عدالت نے جمشید دستی کو بار بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر یکطرفہ فیصلہ سنایا۔