وزیر اعظم کا پاکستان کو عسکری کے بعد معاشی قوت بنانے کا عزم
لندن: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لندن میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کی تاریخی فتح نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو وہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔ انہوں نے اس موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں ملک کے حقیقی سفیر قرار دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ "پاکستان نے خود کو ایک عظیم عسکری قوت ثابت کیا ہے، اب ہم سب مل کر اسے معاشی قوت بنائیں گے۔” انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے گزشتہ برس محنت کی کمائی سے 38.5 ارب ڈالر وطن بھجوائے، جس سے ملکی معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، اور اس کے حل کے بغیر بھارت سے تعلقات ممکن نہیں۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن برابری کی بنیاد پر، اور چاہتا ہے کہ کشمیر، پانی، تجارت اور انسداد دہشتگردی جیسے معاملات پر سنجیدہ بات چیت ہو۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ "ہماری 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ایک چیلنج بھی ہے اور ایک موقع بھی۔ اگر ہم انہیں آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، اور پیشہ ورانہ تربیت دیں تو پاکستان کو دنیا میں ایک نئی شناخت مل سکتی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ہماری حالیہ کامیابی افواج پاکستان کی بہادری، قیادت کے اتحاد اور عوام کے غیر متزلزل عزم کا نتیجہ ہے۔ "اب وقت آ گیا ہے کہ ہم قرضوں سے نجات حاصل کر کے خود انحصاری کی راہ اپنائیں، تاکہ پاکستان کو دنیا میں وہی احترام ملے جس کا یہ حقدار ہے۔”
تقریب سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین اور چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن قمر رضا نے بھی خطاب کیا۔