صدر زرداری چین کے دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد: صدرِ آصف علی زرداری چین کے اہم اور کامیاب دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ اپنے قیام کے دوران صدر مملکت نے چنگدو، شنگھائی، اُرومچی اور کاشغر کا دورہ کیا اور وہاں کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک۔چین تعلقات کے فروغ، سی پیک منصوبوں کی پیشرفت اور مستقبل کی راہداریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورے کے دوران علاقائی امن، ترقی اور دو طرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر چینی قیادت سے بات چیت کی۔ اس موقع پر کئی اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط بھی ہوئے جو دونوں ممالک کے تعلقات میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ صدر مملکت کا یہ دورہ پاک۔چین اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کی تجدید قرار دیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں، صدر مملکت کو کاشی لیننگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیا گیا، جہاں کاشغر کے پارٹی سیکرٹری اور سنکیانگ کے نائب گورنر نی ژوانگ نے انہیں الوداع کہا۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔
صدر زرداری نے دورے کے اختتام پر چینی قیادت اور عوام کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر شی جن پنگ کے وژن کے تحت چین، خصوصاً سنکیانگ میں ہونے والی ترقی قابلِ تعریف اور متاثر کن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پاکستان اور چین کے عوام سیاحت اور تجارت کے لیے زمینی راستوں کے ذریعے باآسانی اور براہِ راست سفر کر سکیں گے۔