ڈی چوک پر’’ یادگار دستور‘‘ کا سنگ بنیاد

0

اسلام آباد:آئین کے پچاس سال مکمل ہونے پرڈی چوک پر’’ یادگار دستور‘‘ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں تقریب پیر کو ہوئی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد کے ہمراہ یادگار دستور کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے 14 اگست 2023 سے قبل ڈی چوک میں یادگار دستور مکمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ10اپریل 1973 کو متفقہ آئین کا منظور ہونا اہم قومی سنگ میل ہے ۔اسلامی، وفاقی، پارلیمانی اور جمہوری آئین کا خاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی پہلی تقریر میں ہی دے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں 14 اگست 1947 کے بعد 10 اپریل 1973 سب سے اہم دن تھا جب متفقہ آئین بنا۔ دنیا کے اکثر ممالک میں دستور کی یادگار موجود ہے۔ میاں رضا ربانی اور ان کی پوری کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے یادگار کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔امید ہے جلد اس یادگار کو مکمل کیا جائے گا۔ یادگار کے ڈیزائن کے لیے ملک گیر مقابلہ کروایا جائے گا اور آئین کے شایان شان ڈیزائن کی منظوری دی جائے گی ۔ شاہراہ دستور پر یادگار کے ساتھ ایک باغ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جس سے شہریوں کو تفریح بھی میسر آئے گی ۔امید ہےیادگاردستور میں آئین پر دستخظ کرنے والی تاریخی شخصیات کو مناسب انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ سپیکر نے کہا کہ یادگار کے تقدس کو برقرار رکھا جائے گا۔ امید ہے سی ڈی اے اس طرف خصوصی توجہ دے گا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنے محسنوں کا شکریہ ادا کریں۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں واقع یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول پیش کئے ۔بعد ازاں سپیکر نے ڈی چوک میں یادگار کے افتتاح کے طور پرباغ کا پہلا پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر ملکی ترقی ، خوشحالی ، آئین کی سربلندی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے خصوصی دعا بھی کئی گئ۔ سپیکر نے پارلیمنٹ ہائوس میں 1973 کے آئین کی منظوری سے متعلقہ تاریخی تصاویر پر مبنی’’تصویری نمائش ‘‘ کا افتتاح کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.