شہزادہ خالد کی شدید بارش میں آمد،شہباز شریف نے ان پر چھتری تانے رکھی
اسلام آباد: ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کے خصوصی طیارے نے شدید بارش میں نور خان ائر بیس پر لینڈ کیا۔
شہزادہ خالد کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں دورے کی دعوت دی تھی۔
معزز مہمان کے استقبال کے لیے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی نور خان ایئربیس پر موجود تھے ۔
جیسے ہی شہزادہ خالد اپنے طیارے سے باہر آئے تو وہ آپس میں بغلگیر ہوئے اور ایک دوسرے کے ساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔
شدید بارش کی وجہ سے نور خان ائربیس پر موجود تمام افراد نے چھتریاں لی ہوئی تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی کے ولی پر چھتری تانے رکھی، معزز مہمان شہباز شریف کے اس والہانہ محبت کے جذبے سے بہت متاثر ہوئے انہوں نے بار بار خود چھتری تھامنے کے لئے اصرار بھی کیا لیکن وزیراعظم نے انہیں چھتری پکڑانے کی بجائے انہیں بارش سے بچانے کے لئے ان کے اوپر چھتری تانے رکھی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ابوظہبی کے ولی عہد کے درمیان خوشگوار جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔