اسمبلی سیکرٹریٹ کی خواتین سٹاف کو سیشن کے دوران مغرب سے قبل گھر جانے کی اجازت
اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی خواتین اسٹاف ممبران کو سیشن کے دوران مغرب سے قبل گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، اور ہم خواتین کو پیشہ ورانہ اور گھریلو ذمہ داریوں میں توازن فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
ویمن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے، اور پارلیمنٹ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ فیصلہ خواتین کو ملازمت اور خاندان کے توازن میں سہولت فراہم کرے گا۔
کنوینر پارلیمانی کاکس برائے چلڈ رائٹس، نکہت شکیل نے کہا کہ یہ اقدام بچوں کی پرورش پر مثبت اثر ڈالے گا، اور خواتین کی زندگی میں بہتری لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے.
ویمن پولیٹیکل لیڈرز کی کنٹری ایمبیسڈر/ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ یہ اقدام دیگر اداروں کے لیے بھی قابلِ تقلید ہے، اور خواتین کے لیے حکومتی و نجی اداروں میں اس کا نفاذ ضروری ہے۔ قومی اسمبلی کی خواتین اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی کے اس اقدام کی تعریف کی اور دیگر تمام سرکاری و نجی اداروں کو اس اقدام کی تقلید کی تلقین کی۔