الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر فیصلہ نہیں کرسکا
اسلام آباد :الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر فیصلہ نہیں کرسکا۔
مخصوص نشستوں سے متعلق قومی و پنجاب اسمبلی کے اسپیکرز کے خطوط کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے اجلاس میں قانونی ٹیم نے انتخابات کے نگران ادارے کو الیکشن ایکٹ پر عمل اور معطل ارکان کو بحال کرنے کی تجویز دیدی۔
مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں اضافی مخصوص نشستیں حکمران اتحاد اور جے یو آئی کو دینے کے معاملے پر غور کیا گیا۔
حکمران اتحاد نے اضافی نشستوں پر نوٹیفائی اراکین کو اسلام آباد طلب کر رکھا ہے جہاں اسپیکر قومی اسمبلی کیساتھ ساتھ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی اضافی مخصوص نشستیں باقی جماعتوں کو دینے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔
اجلاس میں مخصوص نشستوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی قانونی ٹیم نے کمیشن کو مخصوص نشستوں کے معاملے پرپارلیمان کے قانون پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم نے کہا کہ پارلیمنٹ کے منظور کردہ قوانین پر عمل ہر ادرے پر لازم ہے اور الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کاحکم موثر نہیں رہتا۔
الیکشن کمیشن کا آئندہ اجلاس (آج)ہفتہ یا (کل)اتوارکو دوبارہ ہو گا۔