سعودی وزیرسرمایہ کاری سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد:سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفلیح تین روز ہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے جہاں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر پٹرولیم محمد مصدق ملک نے اعلیٰ حکام کے ہمراہ اُن کا شاندار استقبال کیا۔سعودی وزیر،نجی کمپنیوں کے نمائندوں اوراوعلیٰ سرکاری حکام کے ہمراہ پاکستان میں مصروف وقت گزاریں گے جبکہ اس دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تجارتی و سرمایہ کاری کے باہمی معاہدوں اور اہم یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔ اسلام آباد ائیر پورٹ پر معزز مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ سعودی عرب سے سرمایہ کاری کے لئے سرکاری حکام اور نجی کمپنیوں کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح کا دورہ دونوں ملکوں کے لئے سرمایہ کاری کے شعبے میں اہم سنگ میل ہو گا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس دورے سے سعودی عر ب اور پاکستان کے مابین گہرے برادرانہ روابط مزید مضبوط ہوں گے اور دوطرفہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی نجی کمپنیاں سعودی عرب سے سرمایہ کاری اور دو طرفہ بزنس کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں جبکہ سرمایہ کاری کی وزارت کی طرف سے بھی سعودی حکام کے اس دورے کی تیاریاں پہلے سے ہی مکمل ہیں۔ سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح کے اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وفاقی وزراء عبدالعلیم خان، جام کمال خان اور مصدق ملک پُر امید نظر آئے اور اس دورے کو نتائج کے اعتبار سے انتہائی سود مند ہونے کی توقع کا اظہار کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح پاکستان میں قیام کے دوران صدرمملکت اور وزیر اعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ اُن کے بزنس کمیونٹی سے بھی اہم اجلاس ہوں گے۔