رائٹ سائزنگ کمیٹی وزارتوں اور سرکاری اداروں کا جامع اور غیر جانبدارانہ جائزہ لے رہی ہے، ترجمان وزارت خزانہ

0

اسلام آباد :وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی واضح معیارات کے مطابق وزارتوں، منسلک محکموں، خودمختار اداروں اور سرکاری اداروں کا جامع اور غیر جانبدارانہ طور پر جائزہ لے رہی ہے، رائٹ سائزنگ کی مشق کے پہلے مرحلے کے دوران چھ وزارتوں اور اداروں کا جائزہ لیا گیا، غلط فہمی یا غلط تصور سے بچنے کے لئے کابینہ کی طرف سے منظور کردہ رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کے پہلوﺅں کو واضح کیا گیا ہے کہ صرف گریڈ 1 سے 16 تک نہیں بلکہ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام سرکاری عہدوں کو رائٹ سائز کیا جا رہا ہے، تقریباً 60 ہزار عہدے سرپلس ہو سکتے ہیں جن میں گریڈ 17 سے 22 تک کے عہدے بھی شامل ہیں۔ رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کے بارے میں ڈاکٹر قیصر بنگالی کے مشاہدات کے جواب میں وزارت خزانہ کے ترجمان کی جانب سے اتوار کو جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی ڈاکٹر قیصر بنگالی کی جانب سے رائٹ سائزنگ کی مشق کے پہلے مرحلے کے دوران دی گئی قیمتی آرا اور مشوروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے اپنی آرا رائٹ سائزنگ کمیٹی کے معزز رکن کی حیثیت سے دیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ رائٹ سائزنگ کمیٹی کی حال ہی میں منظور کردہ سفارشات پر ڈاکٹر قیصر بنگالی کے مشاہدات رابطے یا مناسب ادراک کے فقدان کے باعث معلوم ہوتے ہیں۔ غلط فہمی یا غلط تصور سے بچنے کے لئے کابینہ کی طرف سے منظور کردہ رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کے پہلوﺅں کو واضح کیا جا رہا ہے کہ صرف گریڈ 1 سے 16 تک نہیں بلکہ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام سرکاری عہدوں کو رائٹ سائز کیا جا رہا ہے۔ تقریباً 60 ہزار عہدے سرپلس ہو سکتے ہیں جن میں گریڈ 17 سے 22 تک کے عہدے بھی شامل ہیں۔ رائٹ سائزنگ کمیٹی نے پہلے مرحلے میں اب تک چھ وزارتوں کا جائزہ لیا ہے۔ ان میں سے ایک وزارت کو ختم کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ دو دیگر وزارتوں کو ضم کیا جا رہا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بی ایس 22 کے کم از کم دو عہدے اور بی ایس 17 سے 21 تک کے کئی عہدے ختم ہو سکتے ہیں، اس طرح ان گریڈز کے کئی افسران سرپلس ہو جائیں گے۔ حکومت 1973ءکے سول سرونٹس کے قانون میں ضروری ترمیم کے ساتھ ایک لازمی پیکیج پر کام کر رہی ہے تاکہ یہ پیکیج بغیر کسی رعایت یا ترجیح کے تمام سول سرونٹس پر لاگو ہو سکے۔ رائٹ سائزنگ کمیٹی واضح معیارات کے مطابق وزارتوں، منسلک محکموں، خود مختار اداروں اور سرکاری اداروں کا جامع اور غیر جانبدارانہ طور پر جائزہ لے رہی ہے۔ رائٹ سائزنگ کمیٹی ڈاکٹر قیصر بنگالی کی رائے کا احترام کرتی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کی رائے رابطے یا ادراک کے فقدان پر مبنی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.