کرغز سفیر کی وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے ملاقات

0

اسلام آباد: کرغزستان کے سفیر آواز بیک اتاخانوف نے وفاقی وزیر برائے توانائی، سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خاص طور پر توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں فریقین نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں مزید تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد کرغزستان کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہے، جو کہ اچھے تعلیمی نظام کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر نے کرغزستان کے سفیر کو توانائی کے شعبے میں کارکردگی اور پائیداری کو بہتر بنانے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کرغز سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور مختلف منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی۔

انہوں نے قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

کرغزستان کے سفیر نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی کوششوں کو سراہا اور اپنے ملک کی جانب سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.