پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اورمریکل سالٹ ورکس کولیکٹیو کے درمیان نمک کی کرشنگ اور پیکجنگ کے لئے معاہدہ طے پا گیا
اسلام آباد : پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اورمریکل سالٹ ورکس کولیکٹیو کے درمیان نمک کی کرشنگ اور پیکجنگ کے لئے سرمایہ کاری معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے پر دستخطوں کی باضابطہ تقریب منگل کا یہاں ہوئی جس میں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ، وفاقی وزیر توانائی محمد علی سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن مومن آغا اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس معاہدے سے معدنی شعبہ میں تعاون مضبوط ہو گا۔یہ معاہدہ
اگست 2023 میں مفاہمت کی یادداشت کے بعد عمل میں آیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر اسد احمد اور ایم ایس سی آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے صدر و چیئرمین احمد ندیم خان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں میں نمک کی برآمد کے لیے ایک جدید ترین پنک راک سالٹ کرشنگ اور پیکیجنگ کی سہولت کے قیام کے لیے شراکت داری قائم کی جائے گی اور اس کے لئے 200 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی جائے گی ، یہ معاہدہ اس اہم شعبہ اور حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے جس کے نتیجہ میں150,000 ٹن سالانہ کی تجارتی پیداوار جون 2026 سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
معاہدہ کے تحت سہولت ضلع میانوالی میں اسپیشل اکنامک زون میں واقع ہوگی، جس میں جدید ٹیکنالوجی اور بہترین صنعتی طریقوں کا استعمال کیا جائے گا جس سےپاکستان کو اپنے منفرد وسائل کی وجہ سے عالمی پنک راک سالٹ مارکیٹ میں نمایاں حاصل ہو گا۔
اس شراکت داری سے مثبت اقتصادی اثرات کے علاوہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہو گا۔ ایم ایس سی آئی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت علاقے میں کمیونٹی کی ترقی، صحت کی سہولیات، اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات میں بھی فعال طور پر حصہ لے گی۔ اس معاہدے سے
پاکستان کی معاشی ترقی اور نمک کی برآمد میں اضافے کو یقینی بنایا جا سکے گا