پاور شئرنگ ،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کھچڑی پک گئی
اسلام آباد:پاور شئرنگ ،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کھچڑی پک گئی۔
دونوں جماعتوں کے درمیان مجوزہ پاور شیئرنگ فارمولا سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے آصف علی زرداری کو صدر،راجہ پرویز اشرف کو سپیکر قومی اسمبلی اور سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی طرف سے سرفراز بکٹی بلوچستان کے وزیراعلی کے لیے امیدوار ہوں گے اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبوں میں گورنرز بھی اپنے لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاور شیئرنگ فارمولے کے تحت وفاق اور پنجاب میں پیپلز پارٹی وزارتیں لینے پر آمادہ ہو گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے اندر بھی پاور شیئرنگ کے معاملے پر دو گروپ سامنے آگئے ہیں ،ایک دھڑے کی قیادت خواجہ آصف کر رہے ہیں جبکہ دوسرے دھڑے میں سعد رفیق، خرم دستگیر، جاوید لطیف اور دیگر شامل ہیں سعد رفیق کی زیر قیادت دھڑا اپوزیشن میں بیٹھنے جبکہ دوسرا دھڑاحکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھانے کا حامی ہے۔
آج دونوں جماعتوں کی کوارڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں تمام معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔