وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی یورپی یونین انڈو پیسیفک وزارتی فورم 2024 میں شرکت کیلئے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز پہنچ گئے
برسلز۔نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی ،یورپی یونین کے اعلی نمائندے برائے خارجہ امور و سیکورٹی پالیسی جوزف بوریل کی دعوت پر تیسرے یورپی یونین انڈو پیسیفک وزارتی فورم 2024 میں شرکت کیلئے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز پہنچ گئے .
برسلز انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچنے پر یورپی یونین، بیلجیئم و لگزمبرگ کیلئے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ و سفارتی عملے نے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا ۔
وزیر خارجہ تیسرے انڈوپیسفک فورم کے اجلاس میں، اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے اور یورپی یونین کے ساتھ بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، آب و ہوا، ماحولیات، صحت اور باہمی روابط جیسے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے.وزیر خارجہ ‘مشترکہ خوشحالی: اقتصادی استحکام اور سرمایہ کاری’ کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں بھی شریک ہوں گے جہاں وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں پر روشنی ڈالیں گے۔
برسلز میں یورپی یونین کے اعلی عہدیدران کے ساتھ ملاقاتیں بھی وزیر خارجہ کے شیڈول میں شامل ہیں ۔توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔