آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر کلین سوئپ کرلیا
سڈنی: آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر کلین سوئپ کرلیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔
میچ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز کے اختتام پر صرف 47 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہو گئی، اننگز کا آغاز محمد رضوان اور عامر جمال نے کیا، محمد رضوان 28 رنز بنا کر لیون جب کہ عامر جمال 18 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار بنے۔
حسن علی نے 5 رنز بنائے اور ناتھن لیون کی بال پر بولڈ ہو گئے جب کہ میر حمزہ صرف 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے 4 ، نیتھن لائن نے 3 اور پیٹ کمنز نے 1 وکٹ اپنے نام کیں۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں عثمان خواجہ بغیر کوئی رن سکور کیے ساجد خان کا شکار بنے، ڈیوڈ وارنر نے 57 رنز کے ساتھ اپنی نصف سنچری بنا کر اپنے آخری میچ کو یادگار بنایا، ساجد خان نے ان کی وکٹ لی۔
مارنس لبوشین 62 اور سٹیو سمتھ 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور 130 رنز کا ہدف مکمل کیا۔ پاکستان کی جانب سے صرف ساجد خان 2 وکٹیں حاصل کرسکے۔ 130 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 26ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ اس سے قبل میچ کے تیسرے روز پاکستان کے 313 رنز کے جواب میں آسٹریلیا پہلی اننگز میں 299 رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا، گرین کیپس کو پہلی اننگز میں 14 رنز کی سبقت حاصل ہو ئی۔
پہلے سیشن میں آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ 38 اور مارنس لبوشین 60 رنز بناکر آوٹ ہوئے، آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 187 رنزپرگری، چوتھی وکٹ بھی 188 رنز ہی پر گر گئی، سٹیو سمتھ کو میرحمزہ نے آؤٹ کیا جبکہ مارنس لبوشین سلمان آغا کی گیند کا شکار ہوئے۔ آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹریوس ہیڈ تھے جو 10 رنز بنا کر عامر جمال کا شکار بنے جبکہ 289 کے مجموعے پر ایلکس کیری بھی 38 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، مچل مارش 54 رنز اور ناتھن لیون 5 رنز پر عامر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، جوش ہیزل ووڈ کو بھی عامر جمال نے صفر پر آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سلمان علی آغا کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو ساجد خان اور میر حمزہ نے آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 54 اور مارنس لبوشین 60 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عثمان خواجہ نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا لیکن عبد اللہ شفیق ایک بار پھر پہلے ہی اوور میں صفر پر بولڈ ہو گئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے کپتان شان مسعود کو اننگز کے دوسرے اوور میں پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا۔
صائم ایوب اور بابر اعظم نے پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور 58 تک پہنچایا جس کے بعد صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جوش ہیزل ووڈ نے ایک اوور میں سعود شکیل، ساجد خان اور آغا سلمان کی وکٹیں لیکر پاکستانی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کردیا، محمد رضوان 6 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ میں 4 جبکہ نتھین لائن، مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔