وزیرِ اعظم سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ارکان اور معروف کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقات
کراچی:نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ارکان اور پاکستان کی معروف کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقات آج کراچی میں ہوئی.
ملاقات میں نگران وفاقی وزیرِ خزانہ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر، چیف ایگزیکیٹیو آفیسر پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ خان، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان عاکف سعید اور پاکستان کی دیگر معروف کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی.
ملاقات میں سی ای او پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے وزیرِ اعظم کے خصوصی دورے پر انکا شکریہ ادا کیا اور اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی. ملاقات میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بڑھا ہے جسکی بدولت آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ سطح پر کاروبار جاری ہے. ملاقات کے شرکاء نے عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کے حوالے سے حکومت کی سنجیدگی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے اقدامات کی بھی تعریف کی.
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کی پاکستان کیلئے خدمات قابلِ تحسین ہیں. وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے. وزیرِ اعظم نے حال ہی میں قائم شدہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام اور اسکے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے مثبت اقدامات اور ان کے حوصلہ افزا نتائج پر بھی روشنی ڈالی.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت اپنے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے. حکومت معیشت کی ڈاکومینٹیشن کے حوالے سے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے.