مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے آستینیں چڑھا لیں
- لاہور : مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے انتخابی شیڈول آنے سے پہلے ہی ایک دوسرے کے خلاف آستینیں چڑھا لیں ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلسل مسلم لیگ (ن )کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کوئٹہ میں اپنی پریس کانفرنس میں بھی انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ "وہ ووٹ کو عزت دیں ووٹ کی بےعزتی نہ کریں انتظامیہ کو ساتھ ملا کے الیکشن جیتنے کا خواب نہ دیکھیں”
بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگ ن کی قیادت کو للکار رہے ہیں دوسری طرف مسلم لیگ ن کے صبر کا پیمانہ بھی اب لبریز ہو گیا ہے، مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ اور مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری کو ترکی بہ ترکی جواب دیا اور ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو پنجاب میں مسلم لیگ ن مخالف ووٹ کیش کرانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔
انتخابی شیڈول آنے سے پہلے ہی پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن جے یو آئی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان بڑھتی ہوئی بیان بازی الیکشن میں مزید تناؤ کا باعث بن سکتی ہے آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان گٹھ جوڑ اور اتحاد نئی منظر کشی کرتے نظر آ رہے ہیں مخالفانہ بیان بازی مزید بڑھنے کا بھی امکان ہے۔