نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں اپیلوں پر سماعت 29 نومبر تک ملتوی
اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں اپیلوں پر سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے یہاں اپیلوں پر سماعت کی۔
سماعت کے موقع پر نوازشریف کے وکیل امجد پرویز اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ دوران سماعت اعظم نذیر تارڑ نے عدالت سے نواز شریف کیلئے حاضری سے استثنی کی استدعا کی جس پر عدالت نے کہا کہ آپ حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کریں۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی اپیلوں پر سماعت 29 نومبر 2023ء تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال ہونے کے بعد آج دوسری سماعت تھی۔ عدالت نے فریقین سے ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل پر دلائل طلب کر رکھے تھے۔
گزشتہ سماعت کے موقع پر عدالت کے استفسار پر نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل مکمل کرنے کیلئے چار سےچھ گھنٹوں کا وقت دینے کی استدعا کی تھی۔