سنسنی خیز میچ ، سری لنکا پاکستان کو ہرا کے ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا
کولمبو: ایشیا کپ کے سنسنی خیز میچ میں سری لنکا پاکستان کو ہراکے ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ۔
ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنائی۔
قبل ازیں کولمبو میں شیڈول پاک سری لنکا میچ سے قبل بارش کے باعث ٹاس تاخیر سے ہوا، بابر اعظم نے سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
بارش کی وجہ سے میچ میں تاخیر کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45،45 اوورز تک محدود کیا گیا بعدازاں میچ کے دوران 28 ویں اوور میں دوبارہ بارش کے باعث میچ کو 42،42 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے محتاط آغاز کے باوجود پہلی وکٹ 9 رنز پر گرگئی، فخر زمان 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے جبکہ دوسری کپتان بابر اعظم کی گری جو 35 گیندوں پر 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
عبداللہ شفیق 52 جبکہ محمد حارث 9 گیندوں پر 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ جبکہ محمد نواز 12 گیندوں پر 12 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، افتخار احمد 47 اور شاداب خان 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
جواب میں سری لنکا نے پاکستان کا 252 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، کوشل مینڈس 91 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا جارحانہ انداز اپنایا، تاہم 20 کے مجموعے پر شاداب کی ڈائریکٹ تھرو نے کوشل پریرا کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ انہوں نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
دوسری وکٹ پر کوشل مینڈس اور پاتھم نسانکا کے درمیان 57 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے سری لنکن ٹیمکے اسکور کو 77 کے مجموعے تک پہنچایا۔
یہاں شاداب خان ایک مرتبہ ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے پاتھم نسانکا کا اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے انکی اننگز کا خاتمہ کیا۔
تاہم تیسری وکٹ سماراوکراما اور کوشل مینڈس کے درمیان 100 رنز کی پارٹنرشپ نے میچ کو پاکستان سے دور کرنے میں کلیدی کردار نبھایا۔
177 کے مجموعے پر سمارا وکراما افتخار احمد کی گیند پر 48 رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔
افتخار احمد نے ہی سری لنکا کی چوتھی وکٹ بھی لی جب 91 رنز بنانے والے کوشل مینڈس محمد حارث کو کیچ دے بیٹھے۔
سری لنکا کی پانچویں وکٹ بھی افتخار احمد نے لی جب 222 کے مجموعے پر سری لنکن کپتان داسن شناکا کو کیچ آؤٹ کروایا۔
میچ اس وقت مزید دلچسپ ہوگیا جب شاہین آفریدی نے 41ویں اوور میں یکے بعد دیگرے دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔
آخری اوور میں سری لنکا کو جیت کےلیے جب 8 رنز درکار تھے تو ایسے میں سری لنکن کھلاڑی خوش قسمت رہے اور آخری گیند پر درکار دو رنز لے کر میچ جیتنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 3، شاہین آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ لی۔