اسد عمر پارٹی عہدے اور کور کمیٹی سے مستعفی

0

اسلام آباد : پاکستان کے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اپنے پارٹی عہدے اور کور کمیٹی کے رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، جو کچھ ہوا وہ لمحہ فکریہ تھا، پاکستان کے تمام فریق ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کا عہدہ اور کور کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ کا فیصلہ میرا ذاتی ہے اور اس پر مجھ پر کوئی دبائو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو حساس تنصیبات پر حملے اس کی سب نے مذمت کی ہے اور میں بھی اس کی مذمت کرتا ہوں، تنصیبات پر حملہ انتہائی خطرناک عمل تھا، بیرونی دنیا میں ہمارا کوئی اچھا امیج نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط فوج ہماری سلامتی کی ضامن ہے، اگر ہماری فوج مضبوط نہ ہوتی تو ہمارے حالات بھی عراق، فلسطین، لبنان، شام سے مختلف نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے حساس تنصیبات پر حملے کئے ان کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور جو ان میں ملوث ہیں ان کے خلاف ضرور کارروائی ہونی چاہئے لیکن جو بے گناہ ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عدلیہ تقسیم ہے جو ہمارے وسیع تر مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پانچ بڑے سٹیک ہولڈرز عدلیہ، فوج، پاکستان تحریک انصاف، پی ڈی ایم اور عوام ہیں، 13 ماہ سے عوام کو شدید مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا ہے جبکہ تحریک انصاف، پی ڈی ایم اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی اس صورتحال سے نقصان پہنچ رہا ہے اس لئے سب کو مل بیٹھ کر اس کا سیاسی بات چیت سے حل نکالنا چاہئے۔ اسد عمر نے کہا کہ یہ بات کوئی ڈھکی چھپی نہیں کہ میرا تین نسلوں سے فوج سے تعلق ہے، میرے اس وقت بھی بھتیجے، بھانجے پاک آرمی میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.