وزیراعظم کی سیاسی و حکومتی شخصیات کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مختلف اعلیٰ حکومتی، آئینی اور سیاسی شخصیات سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے صدرِ مملکت، گورنر پنجاب، گورنر بلوچستان، گورنر خیبر پختونخوا، اسپیکر قومی اسمبلی، وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی، قومی عوامی پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے سربراہ شاہ اویس نورانی سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور عید کی مبارکباد دی۔
گفتگو کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر روابط اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں اور اکائیوں کے ساتھ مل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور قوم کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے۔