امریکا،ایران مذاکرات،تبلیغی اجتماع ایک ہفتے کے لیے مؤخر
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات اور اس سے جڑی حساس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق رائیونڈ شوریٰ کے اراکین اور بزرگوں نے باہمی مشاورت کے بعد اجتماع ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ مشاورت میں ملکی حالات، سیکیورٹی خدشات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فیصلے کے تحت اب تبلیغی اجتماع یکم، 2 اور 3 مئی کو جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز مسجد ابو القاسم میں منعقد ہوگا۔ قبل ازیں یہ اجتماع 24، 25 اور 26 اپریل کو ہونا طے تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا–ایران مذاکرات کے تناظر میں اسلام آباد میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، جس کے باعث بڑے اجتماعات کے انعقاد پر بھی نظرثانی کی جا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں تبلیغی اجتماع کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور منتظمین آئندہ تاریخوں میں اجتماع کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔