وزیراعظم کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

تقریباً پینتالیس منٹ جاری رہنے والی خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی صدر اور قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 11-12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد بھیجا۔ اس وفد کی قیادت اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ روابط خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس ہفتے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی تعمیری بات چیت کو سراہتے ہوئے اس پر اظہارِ تشکر کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک کے تعاون سے خطے میں امن، استحکام اور مثبت روابط کے فروغ کے لیے اپنی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.